سائبر کرائم ایجنسی کا نوٹس: محمد رضوان کا این سی سی آئی اے کو خط، سنسنی خیز سوالات سامنے آگئے

images 7

لاہور : پاکستان کے مایہ ناز قومی کرکٹر محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے نوٹس پر اپنا باقاعدہ تحریری جواب بذریعہ کورئیر ارسال کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد رضوان کی جانب سے بھیجے گئے اس خط کا متن سامنے آ گیا ہے، جس میں انہوں نے ایجنسی کی جانب سے طلبی کے عمل پر کئی اہم اور تیکھے سوالات اٹھائے ہیں۔

ذرائع کے مطابق محمد رضوان نے خط میں براہِ راست استفسار کیا ہے کہ ‘آپ نے مجھے کس بنیاد پر اور کیوں بلایا تھا؟’۔ انہوں نے اپنے جواب میں ایجنسی حکام سے یہ سوال بھی کیا کہ ‘میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ لوگ مجھے کس وجہ سے بار بار بلا رہے ہیں اور اب تک میرا موبائل فون واپس کیوں نہیں کیا گیا؟’۔

خط کے متن میں قومی کرکٹر نے نظم و ضبط کے معاملے پر بھی پوزیشن واضح کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ ‘مجھ پر واضح کیا جائے کہ میں نے کرکٹ یا ملکی قوانین کے کون سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے؟’۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان نے اپنے وکیل کی مشاورت سے یہ تفصیلی جواب تیار کر کے ایجنسی کو بھیجا ہے اور وہ اپنے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اس خط کے جواب میں کیا مؤقف اختیار کرتی ہے۔