پاکستان میں ڈیجیٹل صارفین 15 کروڑ سے متجاوز، خواتین کے انٹرنیٹ استعمال کی شرح 45 فیصد ہو گئی، احسن اقبال

images 9 1

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب تیزی سے قدم جما رہا ہے اور ملک میں خواتین کے موبائل انٹرنیٹ استعمال کرنے کی شرح 45 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ اکانومی فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں صنفی فرق اب سمٹ کر محض 8 فیصد رہ گیا ہے، جو کہ معاشرتی اور معاشی ترقی کے لیے ایک انتہائی مثبت اشارہ ہے۔

وفاقی وزیر نے ملک میں ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل صارفین کی مجموعی تعداد 15 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے اور گزشتہ دو برسوں کے دوران ڈیٹا کے استعمال میں تقریباً 25 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ فائبر کنکشنز کی تعداد 50 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے، جبکہ حکومت کا اگلا ہدف وائرڈ براڈ بینڈ انٹرنیٹ کو ایک کروڑ گھرانوں تک پہنچانا ہے۔

احسن اقبال نے ملکی معیشت میں آئی ٹی سیکٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی تاریخی سطح تک پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے واضع کیا کہ ڈیجیٹل ترقی کے سفر میں خواتین کی شمولیت ناگزیر ہے اور حکومت کا اگلا ہدف ٹیکنالوجی مصنوعات، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سمیت ٹیکنالوجی پر مبنی صنعتوں کا فروغ ہے تاکہ ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔