مستونگ میں قومی شاہراہ کے قریب سے 5 نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد، تشدد اور فائرنگ کا انکشاف
مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ پر دتو موڑ کے قریب سے پانچ نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ مقامی پولیس حکام کے مطابق ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ ان تمام افراد کو قتل کرنے سے قبل شدید ترین جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد ان پر اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتارا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے عمل کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم تاہل جاں بحق ہونے والوں کی شناخت اور قتل کے محرکات سامنے نہیں آ سکے۔
