نورا فتحی کو طیارے کے اندر ویڈیو بنانا مہنگا پڑگیا، 3 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ
ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نورا فتحی کو طیارے کے اندر بنائی گئی غیر ذمہ دارانہ ویڈیوز پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایئر لائن کمپنی کی جانب سے اداکارہ کے خلاف کاروباری نقصانات کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نورا فتحی نے گزشتہ سال دسمبر میں ممبئی سے جے پور جانے والی پرواز کے دوران طیارے کے اندر ویڈیوز بنائیں اور انہیں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا۔ ان ویڈیوز میں اداکارہ نے مسافر طیارے کو ایک "چھوٹا کھلونا” اور "لیگو ایئرپلین” قرار دے کر اس کا مذاق اڑایا تھا۔
پرواز کے اندر ویڈیوز بنانے اور مسافر طیارے کو کھلونا طیارہ قرار دینے پر نجی چارٹرڈ ایوی ایشن کمپنی ‘ڈونز ایوی ایشن’ نے بالی ووڈ اداکارہ نورا فتحی کے خلاف 3 کروڑ بھارتی روپے کا ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ کمپنی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اداکارہ کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کے باعث ان کے کاروباری معاملات اور فلائٹ بکنگز کو شدید نقصان پہنچا ہے
کمپنی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نورا فتحی کے ان غیر ذمہ دارانہ اور لاپرواہی پر مبنی بیانات کے نتیجے میں کمپنی کی متعدد فلائٹ بکنگز منسوخ ہوئیں، جس سے ان کے کاروباری معاملات کو شدید مالی نقصان پہنچا۔ اپریل میں دائر کیے گئے اس دعوے میں واضح کیا گیا ہے کہ اداکارہ کے تبصرے کسی بھی قسم کی تکنیکی معلومات یا حقائق پر مبنی نہیں تھے، بلکہ محض سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش تھے۔
