پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کا بڑا اعلان: فرنٹ لائن ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے لیے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے معاوضے میں کیے جانے والے اس 28 فیصد اضافے کا اطلاق آئندہ انسدادِ پولیو مہم سے فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
اس حوالے سے وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اگلی ملک گیر انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک ملک کے 115 اضلاع میں چلائی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس قومی مہم کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ معاوضے میں اضافے کا مقصد ان ہیلتھ ورکرز کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو نامساعد حالات میں بھی ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے فرنٹ لائن پر سرگرم عمل ہیں۔
