کراچی: این سی سی آئی اے کی غیر ملکیوں کو لوٹنے والا جعلی کال سینٹر کے خلاف کارروائی، 6 ملزمان گرفتار

WhatsApp Image 2026 09 10 at 3.01.08 PM 2

کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کراچی نے گلشنِ اقبال، بلاک 6، نیپا چورنگی کے قریب ایک جعلی کال سینٹر پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔ اس کارروائی کے دوران مبینہ طور پر غیر ملکی شہریوں کو آن لائن فراڈ کا نشانہ بنانے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے کال سینٹر کے مالکان اور آپریٹرز سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق، یہ ملزمان غیر ملکی بینکوں کے اعلیٰ افسران کا روپ دھار کر بیرونِ ملک مقیم معصوم شہریوں کو کالز کرتے تھے اور دھوکہ دہی سے ان کی ذاتی و مالی معلومات بشمول ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات حاصل کر لیتے تھے۔ بعد ازاں اس ڈیٹا کو غیر قانونی اور فراڈ پر مبنی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ایجنسی نے موقع سے متعدد لیپ ٹاپس، موبائل فونز اور دیگر جدید الیکٹرانک آلات برآمد کیے ہیں جو اس جعل سازی میں استعمال ہو رہے تھے۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق، گرفتار ملزمان میں بلال، طٰہٰ منظور، مواز بن سمیع، سائرس زکریا، طیب مشتاق اور طلحہ خان شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف پی ای سی اے (PECA) 2025 اور پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی مختلف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ (FIR No. 78/26) درج کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فراڈ آپریشن میں ملوث دیگر ساتھیوں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔