پاکستان کو ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا قائداعظم کی سیاسی میراث کا اولین مقصد ہے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے 78ویں یومِ وفات پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا ہی قائدِ اعظم کی سیاسی میراث کا اولین مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم رہبر کی بصیرت افروز قیادت اور باشعور سیاسی حکمت عملی کو آج پوری قوم عقیدت کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح نے تاریخ کا دھارا موڑ کر برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت کی راہ ہموار کی، اور مسلمانوں کو ان کی مذہبی، تہذیبی اور نظریاتی شناخت کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کرنے کا عزم و حوصلہ دیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بابائے قوم نے نوزائیدہ مملکت کو درپیش کٹھن انتظامی اور مالیاتی مسائل کو اپنے مدبرانہ انداز میں سنبھالا، اور قیامِ پاکستان کے وقت لاکھوں افراد کی نقل مکانی اور نظامِ حکومت چلانے سمیت تمام بڑے چیلنجز کا ڈٹ کر سامنا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت قائد کے سنہرے اصولوں پر چلتے ہوئے ملک کو فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں رہے گی۔
