فٹنس ٹیسٹ نہ دینے کا معاملہ: محمد رضوان اور امام الحق ڈومیسٹک کرکٹ سے باہر
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور اوپنر امام الحق ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے محروم ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں اہم کھلاڑی پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں حصہ نہیں لے سکیں گے، اور ان کے ڈومیسٹک میچز نہ کھیلنے کی اصل وجہ بھی سامنے آ گئی ہے۔
قوانین کے مطابق، محمد رضوان اور امام الحق نے اپنی متعلقہ ڈپارٹمنٹل ٹیموں کو لازمی فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سخت ہدایات کے تحت فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے لیے تمام ٹیموں کو اپنے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینا اور ان کی رپورٹ بورڈ کو جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ دونوں کرکٹرز کے پاس اپنے ڈپارٹمنٹس کی کوئی فٹنس رپورٹ موجود نہیں ہے، جس کے باعث وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے اہل قرار نہیں پائے۔
محمد رضوان سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کے نائب کپتان ہیں، اور باقاعدہ کپتان شان مسعود کی پہلے راؤنڈ میں عدم دستیابی کی وجہ سے رضوان کو ٹیم کی قیادت کرنی تھی۔ سوئی ناردرن گیس کا پہلا میچ کل اسٹیٹ بینک کے خلاف شیڈول ہے۔ دوسری جانب، امام الحق آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (OGDCL) کے کپتان ہیں اور ان کی ٹیم کا کل سے پاکستان ٹیلی ویژن (PTV) کے خلاف میچ طے ہے۔
یاد رہے کہ دونوں کھلاڑیوں کو حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران وطن واپس بلا لیا گیا تھا اور ان کے خلاف انضباطی بنیادوں پر تحقیقات کا عمل بھی جاری ہے۔
