کینیڈا: پُراسرار جزیرہ نمودار ہونے کے بعد غائب
اوٹاوا: کینیڈا میں درختوں اور سبزے سے ڈھکا ہوا ایک بہت بڑا جزیرہ جھیل میں اچانک ظاہر ہونے اور پھر چند ہی ہفتوں بعد پراسرار طور پر غائب ہو جانے سے مقامی آبادی اور سرکاری حکام شدید حیرت کا شکار ہو گئے ہیں۔ برٹش کولمبیا کے ولسٹن ریزروائر (جھیل) میں پیش آنے والے اس عجیب و غریب واقعے کی حقیقت اور جزیرے کے غائب ہونے کی اصل وجہ جاننے کے لیے سائنسدان اور متعلقہ ادارے سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔
یہ انوکھا جزیرہ سب سے پہلے جولائی کے مہینے میں ایک مقامی کشتی بان نے فنلے بے کے مغرب میں دیکھا تھا، جس نے فوری طور پر اس کی تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں۔ اس زمینی ٹکڑے کے اچانک سامنے آنے پر عوام کی جانب سے مختلف سوالات اٹھائے جا رہے تھے، جس کے بعد بی سی ہائیڈرو اور خلائی اداروں نے 21 جولائی کی سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے اس وسیع جزیرے کی موجودگی کی باقاعدہ تصدیق بھی کی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جھیل کی سطح پر تیرنے والا یہ جزیرہ تقریباً 230 فٹ چوڑا اور 460 فٹ لمبا تھا، جس کا مجموعی رقبہ امریکی فٹ بال کے دو گراؤنڈز کے برابر بنتا ہے۔ ماہرین کو سب سے زیادہ حیرت اس بات پر ہے کہ اتنے بڑے رقبے پر پھیلا ہوا اور گھنے درختوں و نباتات سے لدا ہوا یہ جزیرہ نہ صرف راتوں رات نمودار ہوا بلکہ اب وہاں پانی کے علاوہ کچھ نہیں بچا، جس نے اس جھیل کو خطے کا سب سے بڑا معمہ بنا دیا ہے۔
