پاکستان 4 صوبوں کے ساتھ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، نئے صوبے نہیں بن سکتے: مراد علی شاہ
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک بار پھر ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے چار صوبوں کے ساتھ ہمیشہ قائم اور دائم رہے گا۔ سندھ پاکستان کو بنانے والے بانی صوبوں میں شامل ہے اور اس دھرتی کے عوام کسی بھی نئی تقسیم کو قبول نہیں کریں گے۔
کراچی میں ایک باوقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ یومِ شہدا، یومِ فضائیہ اور سلام پاکستان کی تقاریب کے ذریعے ہم وطن کے عظیم شہدا کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایک گھسی پٹی سوچ قرار دیا اور واضح کیا کہ سندھ اسمبلی پہلے ہی مزید صوبوں کے خلاف کئی قراردادیں منظور کر چکی ہے، اس لیے اب نئے صوبوں کا بننا ممکن نہیں۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کے حوالے سے سندھ دیگر صوبوں سے آگے ہے اور جتنا مضبوط لوکل باڈیز سسٹم اس وقت سندھ میں موجود ہے، ملک کے کسی اور حصے میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
