وزیراعظم شہباز شریف نے آٹو پالیسی 2026 کی منظوری دے دی
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نئی آٹو پالیسی 2026 کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، آٹو پالیسی کا باقاعدہ اعلان اگلے ہفتے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ آٹو پارٹس پالیسی سے متعلق قائم خصوصی کمیٹی نے ان سفارشات کی منظوری دی تھی۔
دستاویزات کے مطابق، آٹو پارٹس کی برآمدات بڑھانے کے لیے انہیں عالمی ویلیو چینز سے منسلک کرنے اور 5 بڑے اینکر مینوفیکچرنگ ادارے ملک میں لانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آٹو سیکٹر میں ایس ایم ایز (SMEs) کلسٹرز بنانے اور برآمدی آٹو پارٹس کی درآمد پر ڈیوٹی مکمل ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پالیسی میں آٹو پارٹس ایکسپورٹ کونسل کے قیام، مقامی ویلیو ایڈیشن لازمی کرنے، کنٹریکٹ مینوفیکچرنگ کی اجازت اور ای ڈی بی (EDB) کے منظوری کے مراحل کو ڈیجیٹل کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔
سب سے اہم تجاویز الیکٹرک اور نئی انرجی گاڑیوں کے لیے دی گئی ہیں، جن کے تحت ان پر صرف ایک فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے، جبکہ ایف ای ڈی (FED)، سی وی ٹی (CVT) اور ود ہولڈنگ ٹیکس مکمل ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مزید برآں، الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کے لیے بینک قرض کی حد بڑھا کر ایک کروڑ روپے کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
