وزیر داخلہ ضیا لنجار کا کراچی کے تھانوں پر اچانک چھاپہ، بغیر وردی ڈیوٹی کرنے والے متعدد اہلکار معطل

Screen Shot 2026 09 11 at 10.30.00 AM

کراچی: صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ شہر کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا اور فرائض میں کوتاہی برتنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے بغیر وردی موجود متعدد پولیس اہلکاروں اور افسران کو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

وزیر داخلہ اور میئر کراچی سب سے پہلے تھانہ فیروز آباد پہنچے، جہاں انہوں نے تھانے میں موجود شہریوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل دریافت کیے اور انہیں فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ ضیا لنجار نے مختلف مقدمات میں حوالات میں بند افراد سے پولیس کے رویے اور دیگر امور پر بھی پوچھ گچھ کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پولیس اہلکاروں کو ہر حال میں وردی پہن کر ہی ڈیوٹی دینا ہوگی اور اب تھانوں میں ‘کوئی چھوٹا منشی یا بڑا منشی’ نہیں چلے گا۔ انہوں نے انتباہ جاری کیا کہ وہ دوبارہ بھی ایسے اچانک دورے کریں گے کیونکہ پولیس کا اصل کام عوام کا تحفظ اور خدمت ہے، جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔