کراچی: چوری شدہ گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنے پر ایس ایچ او یوسف پلازہ معطل اور گرفتار
کراچی: شہرِ قائد میں قانون کی پاسداری کرانے والا قانون کے شکنجے میں آ گیا۔ تھانہ یوسف پلازہ کے ایس ایچ او وقار اعوان کو چوری شدہ گاڑی کی نمبر پلیٹ لگا کر کار استعمال کرنے کے الزام میں معطل کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ایس ایچ او وقار اعوان ایک کار استعمال کر رہے تھے جس پر لگی نمبر پلیٹ چوری شدہ گاڑی کی تھی۔ سیف سٹی کیمروں کے جدید مانیٹرنگ سسٹم نے اس مشکوک نمبر پلیٹ کی فوری نشاندہی کی، جس پر آرٹلری میدان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے وقار اعوان کو حراست میں لے لیا۔
واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام نے ایس ایچ او یوسف پلازہ وقار اعوان کو ان کے عہدے سے معطل کر دیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی اور تفصیلی تفتیش کے لیے ملزم کو اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے اور معاملے کی شفاف انکوائری کی جا رہی ہے۔
