پاکستانی نوجوان نے 6 سال میں اپنی مدد آپ کے تحت ہیلی کاپٹر تیار کر لیا

WhatsApp Image 2026 09 02 at 9.23.57 PM 1 1

باجوڑ: خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے ایک انتہائی ذہین اور باصلاحیت نوجوان نے کٹھن حالات اور محدود مالی وسائل کے باوجود چھ سال کی طویل اور انتھک محنت کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت ایک ہیلی کاپٹر تیار کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ ‘سبحان اللہ’ نامی یہ نوجوان مقامی سطح پر لوگوں اور میڈیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے نوجوان کی اس غیر معمولی صلاحیت کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس سال 6 ستمبر (یومِ دفاع) کو باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں اس ایجاد کے آزمائشی مظاہرے اور کامیابی کی صورت میں باقاعدہ اڑان کی اجازت دینے کا وعدہ کیا ہے۔

نوجوان سبحان اللہ کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن سے ہی ہوا بازی اور تکنیکی آلات کا شدید شوق تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے ابتدائی عمر میں ہی موٹر سائیکل مکینک کا کام سیکھا اور بعد میں مختلف بھاری مشینری کے نظام کو سمجھنے میں دلچسپی لی۔ ہیلی کاپٹر کی تیاری کے اس چیلنجنگ سفر کے دوران انہیں مطلوبہ پرزہ جات، انجن اور دیگر ضروری سامان اکٹھا کرنے کے لیے لاہور، تیمرگرہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں کے خاک چھاننا پڑی۔ نوجوان کو امید ہے کہ 6 ستمبر کا یہ ٹیسٹ رن کامیاب رہے گا اور وہ پاکستان کی تاریخ میں مقامی سطح پر ہیلی کاپٹر اڑانے کا نیا ریکارڈ قائم کریں گے۔