امریکہ میں ڈیزل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر برقرار، عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید مہنگا
واشنگٹن: ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور بڑھتی ہوئی عالمی مہنگائی کے باعث امریکہ میں ڈیزل کی اوسط قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ امریکی فیول پرائس ٹریکر کمپنیوں کے مطابق، ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیزل کی قیمت 6 ڈالر فی گیلن سے تجاوز کر گئی ہے، جس نے صارفین اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی مشکلات میں شدید اضافہ کر دیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتوں کے دوران ڈیزل کی اوسط قیمت 5.85 ڈالر فی گیلن کی ریکارڈ سطح پر دیکھی گئی تھی۔
دوسری جانب، مشرقِ وسطیٰ کی نازک صورتحال اور بحران کے باعث عالمی مارکیٹ میں بھی خام تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں برینٹ خام تیل (Brent Crude) کی قیمت 108.68 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے، جبکہ مربن خام تیل (Murban Crude) کی قیمت میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے جو 122 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سپلائی چین متاثر ہونے اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی مانگ کے سبب آنے والے دنوں میں توانائی کے بحران میں مزید شدت آنے کا خدشہ ہے۔
